اڈپی،2؍اکتوبر (ایس او نیوز) اتر پردیش کے ہاتھرس میں دلت لڑکی کی عصمت دری اور قتل کے ملزمین کے لئے پھانسی کی سزا دینے اور یوپی کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ یوگی کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کرناٹکا دلت سنگھرش سمیتی (امبیڈکر وادی) نے یوگی کے پتلے کا علامتی ’ارتھی جلوس‘ نکالا اور احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا۔
اجرکاڈ کے ہوتاتما چوک سے یوگی آدتیہ ناتھ کے پتلے کو چپلوں کا ہار پہنا کر ارتھی جلوس نکالاگیا۔اس موقع پرمظاہرین نے اپنے غصے کا اظہار کرنے کے لئے چپلوں سے پتلے کی پٹائی بھی کی اور مطالبہ کیا کہ دلتوں کو تحفظ فراہم کرنے والے قانو ن کو اور بھی سخت کیا جائے ۔ اس کے علاوہ یوپی کی فرقہ پرست آدتیہ ناتھ حکومت کو فوراً برخاست کردیا جائے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہرش کمار کوگوے نے کہا کہ ذات پا ت کی سیاست پر یقین رکھنے والے اس وقت بر سر اقتدار ہیں ، اگر ہم اس کے خلاف آواز نہیں اٹھائیں گے تو آئندہ ملک کاہر دیہات ’ہاتھ رس‘ بن جائے گا۔دلت سنگھرش سمیتی کے ضلع جنرل سیکریٹری سندر ماسٹر نے کہا کہ نالائق وزیر اعلیٰ کے اقتدار میں یو پی کے اندر لائ اینڈ آر ڈر جیسی کوئی چیز باقی نہیں رہی ہے۔اس کے بارے میں ’مودی‘ اپنی زبان نہیں کھول رہے ہیں، بلکہ اقتدار میں رہتے ہوئے صرف آر ایس ایس کی پالیسی کو نافذ کرنے کا کام کر رہے ہیں۔آج ہندوتواوادی سنگھ پریوارکی ایم پی شوبھا کرندلاجے دلتوں پر ہورہے ظلم و ستم پر چپکی سادھ لی ہے۔
ضلع مسلم اوکوٹا کے صدر یاسین ملپے نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک اس ملک میں خواتین کے خلاف ہورہےجبر وستم اور ناانصافی کے خلاف آواز اٹھا کر جد وجہد کرنے والے میدان میں نہیں آئیں گے تب تک ایسی ناانصافیوں کا سلسلہ رکنے والا نہیں ہے۔ہمارے دیش میں آج اعلیٰ طبقات کے لئے عدل و انصاف کا ایک پیمانہ اور کمزور طبقات کے لئے دوسرا پیمانہ ہے۔انصاف کے معاملے ایسی تفریق رکھنے والا سماج کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا۔
اس احتجاجی مظاہرے میں عیسائی مذہبی قائدفادر ولیم مارٹس، ’سہبالوے‘ کے صدرامرت شینئی، دلت سنگھرش سمیتی کے کنوینر شیام راج بیرتی، دلت لیڈرس ایس ایس پرساد، منجو ناتھ بالکودرو، سندری پتور،یوواراج، پروفیسر پھنی راج،کانگریس لیڈر جنادردھن بھنڈارکر، سی پی ایم لیڈر بال کرشنا شیٹی، مائناریٹی فورم کے چارلس ایمبلر، صلاح الدین ، کے آر ایس کی ونوتا اور دیگر بہت سارے افراد موجو د تھے۔